اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایئر کموڈور(ر) ستار علوی کیلئے شام کے سفارتخانے کی جانب سے تمغہ شجاعت کا اعزاز دیا گیا۔
ستار علوی کو 1973 کی عرب اسرائیل جنگ میں بہترین خدمات سرانجام دینے پر اعزاز سے نوازا گیا، شامی سفیر نے ستار علوی کو تمغہ شجاعت عطا کرنے کیساتھ تعریفی سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق 26 اپریل 1973 کو فلائٹ لیفٹیننٹ ستار علوی نے شامی فضائیہ کا مگ 21 لڑاکا طیارہ اڑایا، فلائٹ لیفٹیننٹ ستار علوی نے اسرائیلی میراج طیارہ مار گرایا تھا، 30سکینڈ کے معرکے نے شامی فضائی حدود کے دفاع میں پاکستانی پائلٹس کی مہارت کو اجاگر کیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان نے کہا کہ اس فضائی جنگ کے نتائج نے ایک برادر ملک کی خودمختاری کے تحفظ اور اس کے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پاکستانی پائلٹس کی ہمت اور عزم کو بھی اجاگر کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ حکومتِ شام کی جانب سے یہ اعزاز پوری قوم کے لیے قابلِ فخر بات ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔