پی ٹی آئی کو ایک اور جھٹکا، صمصام بخاری کا استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ

Published On 15 August,2023 10:03 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق صوبائی وزیر صمصام بخاری نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق صوبائی وزیر نے استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر خان ترین سے ملاقات کی، آئی پی پی رہنما عون چودھری اور نعمان لنگڑیال بھی اس موقع پر موجود تھے، صمصام بخاری آئندہ چند روز پریس کانفرنس کر کے باضابطہ طور پر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

اس موقع پر صمصام بخاری نے کہا کہ میں ہر محب وطن پاکستانی کی طرح 9 مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتا ہوں، نہ کبھی پُر تشدد سیاست پر یقین رکھا، نہ رکھوں گا اور نہ ہی یہ کوئی طریقہ ہے، یہ ملک ہمارا ہے، یہ ادارے ہمارے ہیں، ہمیں ملکر کام کرنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے دن کے بعد میں تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔