لاہور : (دنیانیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ جڑانوالہ میں جلاؤ گھیراؤ کےواقعات میں ملوث 170 ملزمان کی فہرست تیار کی ہے جس میں سے 160 گرفتار کرلیے گئے ہیں۔
آئی جی پنجاب کے مطابق جب تک تمام ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاتا ، چھاپوں کا سلسلہ جاری رہے گا ، واقعہ میں ملوث کسی ملزم کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ویڈیوز، جیو فینسنگ، ایجنسیوں کی رپورٹ اور نادرا ریکارڈ کی مدد سے ملزمان کی شناخت کررہے ہیں۔
عثمان انور کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ میں اس وقت 65 سو سے زائد اہلکار تعینات ہیں جبکہ متاثرہ گھروں کی بحالی تک خواتین اے ایس پیز جڑانوالہ میں ڈیوٹی دیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین پولیس افسران مسیحی خواتین اور بچیوں کی سکیورٹی اور احساس تحفظ کو یقینی بنائیں گی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس افسران خود اس کو مانیٹر کر رہے ہیں ، میں خود بھی دورے کر رہا ہوں، جلد گرجا گھروں کی بحالی کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کیخلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے کرسچین کالونی اور عیسیٰ نگری میں 4 گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے تھے ۔