سانحہ جڑانوالہ: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آج متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے

Published On 21 August,2023 09:30 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آج جڑانوالہ کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ کا دورہ کریں گے، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور وفاقی وزراء ان کے ہمراہ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج کو دورے کی تیاریوں کی ہدایت دے دی گئی ہے، دورے میں نگران وزیراعظم متاثرہ گرجا گھروں کا دورہ اور متاثرہ افراد سے ملیں گے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی بھی کریں گے، ساتھ ہی متاثرہ افراد کے نقصانات کے ازالے کیلئے معاوضے کا بھی اعلان کریں گے۔

خیال رہے جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کیخلاف مشتعل اہل علاقہ نے گرجا گھروں، کئی مکانوں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔