اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے استعفوں سے متعلق درخواست غیر مؤثر ہونے کی بنیاد پر خارج کر دی۔
سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کے استعفوں سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 2013 کی اسمبلی معیاد پوری کر کے ختم ہو چکی ہے، استعفوں سے متعلق درخواست غیرمؤثر ہوچکی ہے۔
دلائل کے بعد سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے درخواست غیر مؤثر ہونے کی بنیاد پر خارج کر دی۔
واضح رہے کہ شاہد اورکزئی نے 2014 میں پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی منظوری کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔