نگران وزیر خزانہ سے چینی سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

Published On 21 August,2023 04:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر خزانہ سے چینی سفیر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر شمشاد اختر نے مشکل معاشی صورتحال کے دوران تعاون پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا، پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو سراہا، چینی سفیر کے ساتھ سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹی کونسل پر بھی بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیر خزانہ اور چینی سفیر کے ساتھ ملاقات میں موجودہ آئی ایم ایف پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، نگران وزیرخزانہ نے چینی سفیر کو معیشت میں استحکام کیلئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا معاشی استحکام برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدام جاری رکھے جائیں گے، چینی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا عزم کیا۔

نگران وزیر خزانہ اور چینی سفیر کے درمیان اقتصادی، تجارتی، مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔