لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار ملزمان کی ضمانت کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار ملزمان کی ضمانت کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس وحید خان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔
درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزاروں کی شناخت پریڈ میں قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے، واقعہ میں کوئی سرکاری اہلکار زخمی نہیں ہوا، انسداد دہشت گردی دفعات کا اطلاق کیس میں نہیں ہوتا۔
ملزمان کی جانب سے درخواست میں مزید کہا گیا کہ ماتحت عدالت نے قانونی تقاضوں کے برعکس ضمانت کی درخواستیں خارج کیں، درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت درخواست گزاروں کی ضمانت منظور کر کے رہا کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ جو ترمیمی میمو جمع کرانا چاہتے ہیں کرا دیجئے، ان کیسز کو ریگولر ڈویژن بنچ سماعت کرے گا، بتا دیجئے گا پراسیکیوٹر سوموار کو پیش ہوگئے تو ٹھیک، نہیں تو عدالت فیصلہ کریگی۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے پی ٹی آئی رہنماؤں عالیہ حمزہ، خدیجہ شاہ سمیت دیگر کی ضمانت کی درخواستوں پرسماعت 28 اگست تک ملتوی کر دی۔