عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے سیکرٹری کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی

Published On 25 August,2023 11:31 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے پولیٹیکل سیکرٹری سجاد علی خان کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹادی۔

عدالت میں ایس ایس پی ڈاکٹر انوش سمیت دیگر افسران پیش ہوئے اور پولیس نے سجاد علی خان کو عدالت پیش کر دیا، جسٹس محمد وحید خان نے شہزاد خان کی درخواست پر سماعت کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سجاد علی خان کینٹ کچہری سے پولیس حراست سے فرار ہوئے تھے اور گزشتہ روز ملزم کو زمان پارک ناکے پر گرفتار کیا گیا۔

جسٹس محمد وحید خان نے کہا کہ عدالت کے علم میں آنے کے بعد آپ نے گرفتاری ڈال دی، عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ آپ ایسی غیر قانونی چیزیں کیوں کرتے ہو؟

عدالت نے کہا کہ ملزم کو آگے آنے دو کیا آپ پولیس کی حراست میں بھاگے تھے، ملزم سجاد نے جواب دیا کہ جی میں پولیس حراست سے فرار ہوا تھا۔

ملزم کے وکیل اشتیاق اے خان نے کہا کہ میں کچھ عرض کرنا چاہتا ہوں، عدالت نے کہا کہ آپ نے اب عرض کیا کرنا ہے، چھوڑیں اور ریمانڈ میں جا کر پیش ہوں۔

بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے پولیٹیکل سیکرٹری سجاد علی خان کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی۔