ہمسایہ ملک چاند پر پہنچ گیا اور ہم سیاسی انتقام سے آگے نہیں نکلے، سراج الحق

Published On 25 August,2023 09:19 pm

چیچہ وطنی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک بھارت چاند پر پہنچ گیا ہے اور ہم سیاسی انتقام سے آگے نہیں نکل پا رہے۔

چیچہ وطنی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک بہت بڑے آزمائش سے دوچار ہے، 24 کروڑ عوام کا پاکستان ہے لیکن کراچی سے لے کر چترال تک ہر انسان پریشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج سے 3 دن قبل انڈیا نے چاند پر قدم رکھا ان کا مشن چاند کے زمین پر ایک ایسے علاقے میں موجود ہے جہاں پہلے کوئی نہیں پہنچا تھا، ساری دنیا کے اخبارات نے یہ خبر دنیا کے ہر انسان تک پہنچائی کہ بالاخر انڈیا نے چاند کے زمین پر قدم رکھا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل وقت سے گزر رہا ہے، غریب مہنگائی سے تنگ ہیں اور خود کشیاں کر رہے ہیں، پی ڈی ایم کی حکومت نے مہنگائی عروج پر پہنچائی، نگرانوں نے بھی سابقہ حکمرانوں کی طرح بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کیا، عوام کے چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی، پٹرول، ڈیزل اور گیس مہنگی ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں فوری طور پر بجلی کی قیمت میں اضافہ واپس لیا جائے، بجلی کی قیمت سے مختلف قسم کے 36 سے زائد ٹیکس ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ توشہ خانہ کیس اکیلے چیئرمین تحریک انصاف پر نہیں بلکہ اس کے علاوہ بھی جو ہیں ان کو بھی قانون کے دائرے میں لایا جائے، حکمرانوں اور عدلیہ نے عوام کو کوئی انصاف نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری نے مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیا، اب مہنگائی عروج پر ہے، اب عوام کیلئے کیوں نہیں نکل رہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں میں پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اور نگران حکومت نے آئی ایم ایف سے قرضہ لیا، اگر ہم حکومت میں آئے تو انصاف کا بول بالا کریں گے، غربت میں کمی لا کر مہنگائی کم کریں گے، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال کر تقدیر بدل سکتی ہے۔