چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کا مقدمہ خارج

Published On 28 August,2023 12:51 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے خلاف اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کا مقدمہ خارج کر دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کی طرف سے جاری چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری بھی معطل کر دیئے گئے۔

بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس گل حسن ترین نے انصاف لائرز فورم کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف ایف آئی آر 5 مارچ 2023 کو تھانہ بجلی روڈ میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کے سیکشنز 124 اے، 153 اے اور 505 کے تحت دائر کی گئی تھی۔

مقدمہ میں الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016ء کے سیکشن 20 کو بھی شامل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، ساتھ ہی انہیں 5 سال کیلئے سیاست سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔