اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی اٹک جیل میں سہولیات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں دستیاب سہولیات پر رپورٹ جمع کرائی۔
اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس مظاہر اور جسٹس مندوخیل کے چیمبرز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل سے متعلق رپورٹ جمع کرائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں چیئرمین پی ٹی آئی کو بی کلاس کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو فرمائش پر دیسی گھی میں تیار دیسی چکن اور بکرے کا گوشت بھی دیا جاتا ہے، سابق وزیراعظم کی فرمائش پر انہیں ان کی پسند کی اشیاء رقم کی ادائیگی پر فراہم کی جاتی ہیں۔
اٹارنی جنرل آفس کی تیار کردہ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کو جیل کے سامنے کوریڈورمیں چہل قدمی کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 24 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل سہولیات پر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔