توشہ خانہ فیصلے کیخلاف اپیل واپس لینے کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر

Published On 01 September,2023 01:40 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ فیصلے کے خلاف اپیل واپس لینے کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق سماعت کریں گے، رجسٹرار آفس نے اپیل واپس لینے کی درخواست اعتراضات کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کی، رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا تھا کہ اپیل واپس لینے کی درخواست پہلے بھی زیر التوا ہے نئی دائر نہیں ہو سکتی۔

سابق وزیر اعظم نے اپیل لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے واپس لینے کی درخواست کی، الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر 2022 کو چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ سنایا تھا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی۔

درخواست کے مطابق الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کیا کہ کیوں نہ پارٹی چیئرمین شپ سے بھی ہٹایا جائے، الیکشن کمیشن کا پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا نوٹس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔