قدرتی وسائل تک رسائی کیلئے روڈ انفراسٹرکچر بہتر بنانے کی ضرورت ہے، نگران وزیراعظم

Published On 05 September,2023 04:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ قدرتی وسائل تک رسائی کیلئے روڈ انفراسٹرکچر بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پٹرولیم ڈویژن کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں نگران وزیراعظم کو پٹرولیم ڈویژن کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پٹرولیم ڈویژن ملک میں تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانے کے پروگرام پر کام کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فوج کیساتھ بہترین تعلقات، انتخابات کیلئے حتمی ٹائم فریم نہیں دے سکتے، انوار الحق کاکڑ

نگران وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ پٹرولیم ڈویژن ملک میں مزید قدرتی وسائل کی تلاش کیلئے کوشاں ہے، مختلف ذخائر سے تیل اور گیس کی ترسیل کیلئے پائپ لائنز کے پراجیکٹس کو ترجیح دی جا رہی ہے، مائننگ سیکٹر میں غیر ملکی سر مایہ کاری کے فروغ کے لیے مثبت سمت میں پیش رفت جاری ہے۔

اس موقع پر نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بے پناہ قدرتی وسائل کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنے کیلئے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی کان کنی کو روکنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کی جلد تقرری کیلئے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں۔