محسن نقوی کا ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ، قبضہ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

Published On 13 September,2023 10:24 pm

لاہور (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ کیا اور شہر میں قبضہ مافیا کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ون ونڈو سیل میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور درخواستوں پر پراگریس کا پوچھا، شہریوں نے درخواستیں نمٹانے کے حوالے سے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بعض شہریوں کی جانب سے کی گئی شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

بعض سائلین نے منشاء بم اور قبضہ مافیا کے خلاف وزیراعلیٰ سے شکایات کیں، محسن نقوی نے متاثرہ شہریوں کو کمیٹی روم میں بلایا اور ہر ایک کے مسئلے کو خود سنا، متاثرہ شہریوں نےمنشاء بم و قبضہ مافیا کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری ایکشن لینے کے لیے سی سی پی او لاہور کو ایل ڈی اے آفس بلایا اور فی الفور منشاء بم اور دیگر قبضہ کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ متاثرین کو حق دلوائیں گے، کسی سے زیادتی نہیں ہو گی، منشاء بم اور اس طرح کے دیگر قبضہ مافیا سے قانون کے مطابق آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن ہو گا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے ایل ڈی اے کے پورے سسٹم کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا پلان بھی طلب کر لیا، ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے ایل ڈی اے کو ڈیجیٹل کرنا وقت کی ضرورت ہے، ون ونڈو سیل میں بہتری آئی ہے تاہم اس سے بھی کم وقت میں شہریوں کو دستاویزات ملنی چاہئیں۔