اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر تب بنے گا جب سرمایہ کار آئے گا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پی آر اے کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا آزاد ہے اور اس کو آزادی سے اپنا کام کرنا چاہئے، میڈیا خیال رکھے کہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام خراب نہیں ہونا چاہئے، ہمیں دیکھنا چاہئے کہ ہم دنیا کو پاکستان کے بارے کیا پیغام دے رہے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمیں پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کرنا چاہئے، پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جس میں سب کچھ ہے، پاکستان میں انفراسٹرکچر تب بنے گا جب سرمایہ کار آئے گا، چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ پر توجہ دینے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ ہم سب متحد ہوکر پاکستان کے لئے بہت کچھ کرسکتے ہیں۔
صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ میڈیا پاکستان کی ترقی کے لئے بھرپور اور مثبت کردار ادا کرسکتا ہے، پاکستان کی جمہوریت دنیا کے بہت سارے ممالک کی جمہوریت سے بہتر ہے، پارلیمنٹ میں مسائل اس وقت پیدا ہوتے ہیں جب غیر ممبر صحافی آتے ہیں، پی آر اے پارلیمنٹ کی کوریج کے لئے ضابطہ کار بنائے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ اور پپس کے اشتراک سے پارلیمانی رپورٹرز کی عالمی معیار کی ٹریننگ کرائیں گے، پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کو پارلیمنٹ میں بہتر دفتر فراہم کریں گے، صادق سنجرانی نے پارلیمانی رپورٹرز کو بلوچستان کا دورہ کرانے کا بھی اعلان کیا۔