کوئٹہ: چیف الیکشن کمشنر کے زیرصدارت اجلاس، عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا

Published On 18 October,2023 05:14 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے زیر صدارت سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں عام انتخابات کی تیاریوں بارے اجلاس ہوا، اجلاس میں ممبران، چیف سیکرٹری، سیکرٹری الیکشن کمیشن، ایڈیشنل آئی جی ویگر حکام شریک ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ غیر جانبدارانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، صاف و شفاف انتخابات اہم قومی ذمہ داری ہے، قومی فریضے کو بااحسن پورا کرنے کیلئے نگران حکومت بھرپور کردار ادا کرے، الیکشن کمیشن نگران حکومتوں کو مکمل مدد فراہم کرے گا۔

سکندر سلطان راجہ نے کہا پرامن انتخابات کے انعقاد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ انعقاد ہی بہتر جمہوریت کا ضامن ثابت ہوگا، پولنگ کے عمل میں سیاسی وابستگی سے بالاتر عملے کی تعیناتی کو ہر لحاظ سے یقینی بنایاجائے، عملے کی کوئی شکایت ملی تو فوری ایکشن لیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ افسروں کے تبادلے مکمل طور پر میرٹ پر کئے جائیں، افسروں کے تبادلوں کے لئے کسی قسم کا سیاسی دباؤ خاطر میں نہ لایا جائے۔