پاکستان ملک بھر میں انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے: نگران وزیراعظم

Published On 19 October,2023 11:46 am

بیجنگ: (دنیانیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کہ پاکستان ملک بھر میں انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔

بیجنگ میں نگران وزیر اعظم  نے سی ای او چائنا کمیونیکیشنز کنسٹرکشن کمپنی وانگ ہائی ہوائی اور چیئرمین چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن سے ملاقات کی ، ملاقات میں شرکا نے سی پیک کے تحت سی سی سی سی اور سی آر بی سی کے پاکستان میں جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

شرکا نے پاکستان میں انفراسٹرکچر کی تعمیر، قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کو ٹرانزیشنل اکانومی بنانے اور ملک میں سیاحت کی ترقی کیلئے ریلوے اور روڈ انفراسٹرکچر انتہائی ضروری ہے۔

وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کے پاکستان میں منصوبوں کی پذیرائی کی اور ان کی سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔

 واضح رہے کہ  نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ بیجنگ میں “آزاد عالمی معیشت میں روابط کی اہمیت” کے موضوع پر اعلی ٰسطح کے فورم میں شرکت کیلئے موجودہیں ۔