راولپنڈی: (دنیا نیوز) سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف استغاثہ گواہان کا بیان قلمبند نہ ہوسکا، سماعت منگل تک ملتوی کر دی گئی۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔
پراسیکیوٹر شاہ خاور اور وکیل صفائی بیرسٹرسلمان صفدر کے علاوہ دیگر پیش ہوئے، استغاثہ کے پانچ گواہان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکلاء صفائی نے گواہان کے بیانات قلمبند نہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ میں آبزرویشن دی، تحریری فیصلہ آنے تک گواہان کے بیانات قلمبند نہ کئے جائیں۔
پراسیکیوٹر نے مخالفت کرتے ہوئے استغاثہ گواہان کے بیان قلمبند کرنے کی استدعا کی، عدالت نے وکلاء صفائی کی استدعا پر سماعت 31 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔