دہشتگردی کی حالیہ لہرملک کودوبارہ غیرمستحکم کرنے کی سازش ہے: سرفرازبگٹی

Published On 04 November,2023 01:46 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر پاکستان کو دوبارہ بے یقینی اور عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش ہے۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہاکہ ڈی آئی خان، پسنی اور میانوالی میں حملہ آور دہشتگردوں کے نام الگ ضرور ہونگے لیکن پس پردہ دشمن ایک ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‏تمام سول اور ملٹری ادارے یک جان ہو کر خون کے آخری قطرے تک ملک کا دفاع کریں گے اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

 واضح رہے کہ آج سکیورٹی فورسز نے پاکستان ایئر فورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا اور کومبنگ اینڈ کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔