اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ملاقات کی، ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر نے وزیر اعظم کو انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 8 فروری کو انتخابات کرانے کے لیے تمام ضروری تیاری کر لی گئی ہے، پولنگ سٹیشنز اور پولنگ سٹاف کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں، الیکشن مٹیریل کی پرنٹنگ کا کام بھی آخری مراحل میں ہے۔
اعلامیہ کے مطابق انتخابی فہرستوں کی اپڈیشن کا کام بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جلد ہی تمام اضلاع میں انتخابی فہرستیں پہنچا دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات کا انعقاد: ملک بھر کے تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کو معطل کرنے کا امکان
الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے سرانجام دے گا، اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے وزیرِاعظم کو الیکشن کمیشن کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے درکار فنڈز اور مطلوبہ سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔