نوشہرہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نوازشریف کو بیساکھیوں کی ضرورت نہیں، عوام کے ووٹوں سے وزیراعظم بنیں گے۔
مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صدر انجنیئر امیر مقام نے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنما اور امن جرگہ کے ضلعی صدر پیر سید ذوالفقار باچہ کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کو کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ملک کو اور عوام کو تقسیم کرکے تحریک انصاف نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، دہشت گردی، بدترین لوڈشیڈنگ کا مقابلہ نوازشریف نے کیا، معیشت کو تباہی اور آئی ایم ایف کی جھولی میں ڈال کر ہم کو مہنگائی میں اضافے کا طعنہ دیا جارہا ہے، ہم اداروں کو ساتھ لیکر چلیں گئے۔
مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صدر نے مزید کہا کہ پرویز خٹک خواب دیکھنا چھوڑ دے، ہم کو بھی معلوم ہے کس کے لئے خیبرپختونخوا کی فیلڈ تیار کی جارہی ہے، عوامی استحصال کا کھیل ختم کرنا ہوگا، خیبرپختونخوا کی عوام کی محرومیوں کو پاکستان مسلم لیگ ن ہی ختم کرسکتی ہے، میاں نوازشریف کے پاس ترقی اور ملک کو آگے لیجانے کا ویژن ہے۔
جلسہ سے سابق گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، سابق رکن صوبائی اسمبلی اور صوبائی ترجمان اختیار ولی، شاہ جی گل آفریدی نے بھی خطاب کیا۔