لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شہباز شریف سے سابق ارکان اسمبلی نے ملاقات کر کے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے سابق ارکان پارلیمنٹ مخدوم سید مبین عالم، مخدوم مسعود عالم ، سید مبین ضامن اور سید باسط سلطان بخاری نے ملاقات کی، سابق ارکان اسمبلی نے قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور صدر شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
— PMLN (@pmln_org) November 22, 2023
ملاقات میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ، سردار اویس لغاری، شیخ فیاض الدین اور میاں امتیاز بھی موجود تھے، شہباز شریف نے مخدوم سید مبین عالم و دیگر کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کر کے عوام کو معاشی ترقی کا تحفہ پیش کرے گی، مسلم لیگ (ن) پاکستان کی سب سے بڑی اور نمائندہ جماعت ہے، وفاق پاکستان کی نمائندگی، مضبوطی اور ترقی پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مشن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں وفاق اور اکائیوں کے وسائل میں اضافہ اور مسائل کا حل مسلم لیگ (ن) کی شاندار روایت رہی ہے، آپ کی شمولیت سے عوام کو مسائل سے نجات دلانے میں مدد ملے گی۔
سابق ارکان اسمبلی مخدوم سید مبین عالم، مخدوم مسعود عالم ، سید مبین ضامن اور سید باسط سلطان بخاری نے قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔