ماڈرن جوڈیشری کیلئے تمام بارز کمپیوٹر کورسز کروائیں: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

Published On 23 November,2023 07:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے کہا کہ ماڈرن جوڈیشری کیلئے بار کونسل اور بار ایسوسی ایشنز کمپیوٹر کورسز کروائیں۔

چیف جسٹس عامر فاروقی نے کہا کہ سپریم کورٹ سے لے کر لوئر کورٹس تک سب آٹومیشن پر جارہی ہیں، ماڈرن جوڈیشری کے لئے ہمیں تگ و دو کرنی ہوگی، ہم سب کو یہ تبدیلی اپنانی ہے، وقت کی ضرورت ہے، آج کا سب سے بڑا المیہ قانون اور کتاب سے دوری ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اگر ہم قانون سے دور رہیں گے تو انصاف سے دور ہو جائیں گے، اپنے موکلوں کو قانون کے مطابق انصاف دلائیں، اسلام آباد ہائیکورٹ بار اور اسلام آباد بار ایسوسی ایشن بہترین بارز ہیں، بار اور بینچ میں کبھی بے یقینی نہیں ہوتی ہم سب ایک ہی ہیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ جج جب بینچ پر آتا ہے تو وہ عارضی ہوتا ہے، جج نے بھی واپس جانا ہے اپنی جگہ پر، دوری تب آتی جب کمیونیکیشن گیپ آتا ہے اور ہم دور نہیں ہیں، مسائل حل کرنے کے لئے ہم سب ہر وقت موجود ہیں۔