پشاور: (دنیانیوز) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ انتخابات کیلئے جو ماحول بنایا گیا ہے وہ کسی طور پر بھی فری اینڈ فیئر نہیں ہے ۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو طبیعت ناسازی کے سبب انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیشی سےپہلے ان کا ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ میں طبی معائنہ کرایا گیا۔
ڈاکٹرزکے مطابق اسد قیصر کے گلے اور سینے میں معمولی تکلیف ہے۔
اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ انتخابات کے لیے جو ماحول بنایا گیا ہے یہ کسی طور پر بھی فری اینڈ فیئر نہیں، ہم پر سلیکٹڈ کا الزام لگانے والی اپوزیشن آج خود سلیکٹڈ پلس بن گئی۔
سابق سپیکرنے کہا کہ اس ماحول میں اگر انتخابات ہوئے تو کوئی اسے تسلیم نہیں کرے گا، پی ٹی آئی کے خلاف سارا ظلم و جبر نواز شریف اور مسلم لیگ ن کر رہی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ نواز شریف کو وزیراعظم بنانا ہے تو انتخابات کی کوئی ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو چارسدہ پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔
اینٹی کرپشن عدالت نے اسد قیصر کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا ، ان پر گجو خان میڈیکل کالج صوابی کے لیے سامان کی خریداری میں خوردبرد کا الزام ہے۔