لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تھانہ شیراکوٹ کا دورہ کیا اور بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے والوں کی رہائی کا حکم دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی علی الصبح صوبائی کابینہ کے ہمراہ تھانہ شیرا کوٹ پہنچ گئے، اس موقع پر فرنٹ ڈیسک کا عملہ غائب جبکہ کمپیوٹر اورانٹرنیٹ بھی بند تھا۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے تھانے میں بند نوجوانوں سے ان کے کیسز کے بارے میں دریافت کیا، جس پر نوجوانوں نے بتایا کہ ہمیں بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے پر گرفتار کیا گیا۔
محسن نقوی نے بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والے 11 نوجوانوں کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کر کے رہا کرنے کا حکم دے دیا، وزیراعلیٰ نے پولیس کو نوجوانوں کے والدین سے بیان حلفی لینے کی بھی ہدایت کی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا جا رہا ہے، آپ پہلے لائسنس بنائیں، پھر موٹر سائیکل چلائیں۔
رہا ہونے والے 11 نوجوانوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے موقع پر ہی ڈی آئی جی آپریشنز کو فون کیا اورفرنٹ ڈیسک کیلئے متبادل ڈیوائس لینے کی ہدایت کی، محسن نقوی نے تھانے میں موجود بزرگ خاتون حنیفاں بی بی کا مسئلہ سنا اور بیٹے کی بازیابی کیلئے پولیس کو ہدایات جاری کیں۔
محسن نقوی نے تھانے کا ریکارڈ چیک کیا، رپورٹنگ روم میں بیٹھے نوجوان سے تھانے میں آنے کی وجہ پوچھی اور ایس ایس پی لا ء اینڈ آرڈر کوشکایت کے ازالے کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔
اس موقع پر صوبائی وزراء منصور قادر،عامر میر، اظفر علی ناصر، ڈاکٹر جمال ناصر اور ابراہیم مراد بھی ہمراہ تھے۔