کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے صوبے بھر کی کمرشل اور سرکاری عمارتوں کا سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے بھر کی کمرشل اور سرکاری عمارتوں میں آگ لگنے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا، مقبول باقر نے صوبے بھر میں تمام کمرشل اور سرکاری دفاتر کے سیفٹی آڈٹ کی ہدایت دے دی، کمرشل عمارتوں کے علاوہ سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں کا سکیورٹی آڈٹ کرانے کا بھی حکم دے دیا۔
سکیورٹی آڈٹ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، سول ڈیفنس، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ٹاؤنز مل کر کریں گے، نگران وزیراعلیٰ سندھ نے ہر عمارت میں آگ بجھانے کے آلات نصب ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کرلی۔
مقبول باقر نے کہا کہ تمام عمارتوں کا سکیورٹی آڈٹ 30 دن میں مکمل کرکے رپورٹ دی جائے، فائر فائٹنگ کا سسٹم مختلف شہروں میں کیسے اور کس طرح کام کر رہا ہے اس کی رپورٹ بھی دی جائے۔