اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کے وفد نے ملاقات کی، نگران وزیراعظم نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ گڈ گورننس کو یقینی بنانے اور عوام الناس کو آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے، ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہے، معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعظم سے سبکدوش روسی سفیر کی ملاقات، تعلقات مستحکم کرنے پر کاوشوں کو سراہا
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام، بجلی چوری کے تدارک اور دیگر اقدامات سے عام آدمی کو فائدہ پہنچ رہا ہے جس کی آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت معاشی استحکام کی حکمت عملی کی اہمیت کو عوام تک پہنچانے میں میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
نگران وزیراعظم نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اشتہارات کی مد میں اخبارات کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اور اس کے لئے تمام وفاقی وزارتوں اور اداروں سے بھی فوری رابطہ کیا جائے۔