لاہور: (دنیا نیوز) ڈیفنس میں گاڑی کی ٹکر سے 6 افراد کی ہلاکت کے واقعہ میں ملوث ملزم افنان شفقت نے دوران تفتیش اکثر گاڑی تیز رفتاری سے چلانے اور ڈرفٹنگ کرنے کا اعتراف کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم افنان شفقت کی عمر کے تعین کا اوسیفکیشن ٹیسٹ کرا لیا گیا، 27 نومبر کو افنان شفقت کو ریمانڈ ختم ہونے پر دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی جانب سے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹیکل ٹیسٹ کی تاریخ بھی مل گئی۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی جانب سے پولیس کو 29 نومبر کو ٹیسٹ کے لئے بلایا گیا ہے، پولیس ملزم افنان شفقت کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹیکل ٹیسٹ کے لئے ریمانڈ کی مزید استدعا کرے گی، ملزم افنان شفقت کے اوسیفکیشن ٹیسٹ کی رپورٹ 3 سے 4 دن تک پولیس کو مل جائے گی۔
ذرائع کے مطابق فوٹوگرامیٹیکل ٹیسٹ کے لئے ملزم افنان شفقت کی تصاویر بھی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو دی جائیں گی، افنان کے والد ملک شفقت کو 27 نومبر کو ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور کے پاس پیش کیا جائے گا، افنان شفقت کے والد ملک شفقت نے موقع پر موجود نہ ہونے کا اپنا بیان بھی قلمبند کرا دیا ہے۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ حادثے کے دوران افنان کو پیٹ میں، ابراہیم کو ہاتھ پر، سعد کو گردن پر جبکہ علی عبداللہ کو ٹانگ پر چوٹیں لگیں، افنان کے دوست سعد کی گردن کی ہڈی حادثے میں بری طرح متاثر ہوئی۔