لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ بابا گورونانک نے انسانیت سے پیار، مساوات اور ہمدردی کا پیغام عام کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کے حوالے سے سکھ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بابا گورونانک محبت، امن اور بھائی چارے کے داعی تھے، دیوجی مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال تھے۔
محسن نقوی نے بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے 3 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کو پنجاب میں جی آیاں نوں کہا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں، سکھ برادری کے گوردواروں کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا ہے کہ سکھ برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ہرطرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، خصوصی سیاحتی پیکیج کے ذریعے سکھ یاتریوں کو رہائش، سفری سہولیات اور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔