ابوظہبی: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 20 سے 25 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔
متحدہ عرب امارات سے خصوصی پیغام میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ معاہدوں سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے معاشی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی استحکام اور سٹریٹیجک تعاون کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ دوستی اور تعاون کے ایک نئے دور کے آغاز پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
— Murtaza Solangi (@murtazasolangi) November 27, 2023
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان شیخ زید بن سلطان النہیان نے 70 کی دہائی میں ایک نئے دور کا آغاز کیا۔
انہوں نے بتایا کہ آج شیخ محمد بن زیدالنہیان نے دوطرفہ تعلقات کو ایک نئی جہت دی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں آرمی چیف نے بھی شرکت کی۔
انوار الحق کاکڑ نے بتایا کہ سمجھوتوں پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزرا اور یو اے ای کے وزرا نے بھی شرکت کی، ان سمجھوتوں کے معیشت پر مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔
معاہدوں کی تفصیلات
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان توانائی، پورٹ آپریشنز پراجیکٹس، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔
متحدہ عرب امارات پاکستان میں 20 سے 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا، اس تاریخی انویسٹمنٹ سے پاکستان میں معاشی استحکام کی راہ ہموار ہو گی، انویسٹمنٹ سے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (SIFC) کے تحت مختلف اقدامات کو پورا کرنے میں مدد بھی ملے گی۔