اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت کا مختصر فیصلہ جاری کر دیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصلہ جاری کیا۔
تحریری فیصلے کے مطابق دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کیس کے فیصلے پر توجہ دلائی، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے بریت کے فیصلے میں اس عدالت نے آبزرویشن دی تھی۔
فیصلے کے مطابق نیب کے پاس نواز شریف کے خلاف کیس ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویزی شواہد موجود نہیں، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی بریت کے فیصلے کہیں بھی چیلنج نہیں کئے گئے، عدالت نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل منظور اور بری کرنے کا حکم دیتی ہے۔
تحریری فیصلے کے مطابق بریت کی وجوہات کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔