اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کا مختصر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا مختصر تحریری فیصلہ ایک صفحے پر مشتمل ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگ زیب نے مختصر فیصلہ جاری کیا۔
عدالت کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل منظور کی جاتی ہے، نواز شریف کی اپیل منظور کرنے کی وجوہات تفصیلی فیصلے میں جاری ہوں گی۔
عدالتی فیصلے میں احتساب عدالت کے نواز شریف کو سزا سے متعلق 24 دسمبر 2018ء کا فیصلہ کالعدم قرار دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مختصر تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو تمام الزامات سے بری کیا جاتا ہے۔