کراچی: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم اور سابق ایم این اے راحیلہ مگسی نے جی ڈی اے میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔
جی ڈی اے اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگارا کی قیادت میں جی ڈی اے کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں پیر سید صدر الدین شاہ راشدی، سیکرٹری جنرل صفدر عباسی، فہمیدہ مرزا سمیت دیگر نے شرکت کی۔
ارباب غلام رحیم اور راحیلہ مگسی کی جانب سے جی ڈی اے میں شمولیت پر پیرپگارا نے خیرمقدم کیا، پیر پگارا نے کہا کہ سندھ کے عوام کو کرپٹ مافیا کے چنگل سے نکالنے کیلئے جی ڈی اے اپنا کردار ادا کرے گی، جی ڈی اے ہی سندھ کےعوام کیلئے متبادل پلیٹ فارم ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات میں دھاندلی کو روکنے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے، صوبے بھر میں تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں میں امیدوار کھڑے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ کی اہم شخصیات سے بھی ملاقات کر کے انہیں جی ڈی اے میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔