اکبر چوک کے بعد کالج روڈ کی بحالی کا کام بھی شروع، تکمیل کیلئے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن

Published On 16 December,2023 07:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ایل ڈی اے نے اکبر چوک کے بعد کالج روڈ کی بحالی کا کام بھی شروع کر دیا۔

کالج روڈ پر اسفالٹ ورک، لین مارکنگ، گرین بیلٹ کا کام کیا جائے گا، سڑک پر تجاوزات کے خاتمے کے بعد ٹریفک سائن بورڈز کی تنصیب کا کام بھی کیا جائے گا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کالج روڈ منصوبے کی تکمیل کے لئے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن دے دی۔

اکبر چوک پر فلائی اوورز کی تکمیل کے بعد کالج روڈ پر کام جاری ہے، منصوبے کے تحت اکبر چوک تا امیر چوک سڑک کی مرمت و بحالی پر کام کیا جائے گا، سڑک کی وائیڈنگ، اسفالٹ کے ساتھ ساتھ روڈ کٹ اور روڈ کراسنگ برجز کی بحالی کا کام بھی کیا جائے گا، منصوبے کی تکمیل سے کالج روڈ پر بھی ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔

اس سے قبل کینال روڈ تا امیر چوک سگنل فری کوریڈور مکمل کیا گیا ہے، کالج روڈ امیر چوک تک سڑک کی بحالی کے لئے 62 کروڑ 90 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا، منصوبے کے تحت 4.2 کلومیٹر طویل سڑک کی بحالی کا کام کیا جائے گا، سڑک کی تکمیل سے ٹاؤن شپ، جوہر ٹاؤن، گرین ٹاؤن، پنجاب سوسائٹی کی آبادیوں کو فائدہ ملے گا۔