کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کہتی ہے کہ ہم نوٹ کے ذریعے الیکشن خریدیں گے۔
ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے ایم کیو ایم کی عوامی رابطہ مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے سامنے تصویر پاکستان، تصورپاکستان اور اتحاد پاکستان بیٹھا ہے، آج کا اجتماع یقین اور امید دلا رہا ہے کہ ایک روشن صبح ہونے والی ہے، آج ہم نے پورے پاکستان کو یہاں سمیٹ کر بیٹھا دیا ہے آج پہاڑوں، ریگستانوں، کھیتوں اور تمام زبانوں کو ہم نے یہاں جمع کر دیا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کی کامیابی کا کریڈٹ تمام زبانیں بولنے والے لیں گے، عوام عہد کریں خاندانی جاگیردارانہ جمہوریت کاخاتمہ کریں گے، میڈیا سے کہتا ہوں کہ محبت کے اس پیغام کو پورے پاکستان تک پہنچائیں، چاہتے ہیں پاکستان ایک ایسا ملک بنے جو کہ ملت اسلامیہ کے لئے ماڈل ہو۔
ایم کیو ایم کے کنوینر نے مزید کہا کہ سہراب گوٹھ کو پار کر کے ہم نے نفرت کی بنیاد پر قائم سرحد پار کر دی، آپ نے اگر پتنگ کو کامیاب کروایا تو پاکستان کامیاب ہوگا۔