پیمرا نے بھی جوئے کی کمپنیز کے اشتہارات چلانے کا نوٹس لے لیا

Published On 26 December,2023 08:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جوئے کی کمپنیز کے اشتہارات چلانے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ٹی وی چینل پر ایسی کمپنیز کی تشہیر پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جاری نوٹس کے مطابق پیمرا بھی وزارت اطلاعات و نشریات کی زیرو ٹالرینس پالیسی کو تسلیم کرتا ہے، کوئی بھی چینل جوئے سے منسلک کمپنیز کے ساتھ معاہدہ نہیں کرے گا، کوئی چینل جوئے سے منسلک کسی کمپنی کے اشتہار نشر نہیں کرے گا۔

خیال رہے کہ سرکاری ٹی وی کے سپورٹس چینل پر پرتھ ٹیسٹ کے دوران جوئے کی کمپنی کے اشتہارات کی تشہیر کی گئی تھی جس پر وزارت اطلاعات ونشریات نے نوٹس لیتے ہوئے پابندی عائد کردی تھی۔

پابندی کے سبب سرکاری ٹی وی کے سپورٹس چینل پر میلبرن ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل نشر نہیں ہوسکا۔