سکھر: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مشکلات کے شکار پی ٹی آئی رہنماؤں کو ماضی کی غلطیاں مان کر توبہ کرنی پڑے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کل پیپلز پارٹی نے گڑھی خدا بخش سے انتخابی مہم کا آغاز کیا، کل کا جلسہ واضح پیغام ہے کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، 8 فروری کو عوام ایک بڑا سرپرائز دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم جاری ہے، شہید بے نظیر بھٹو کی برسی پر 10 نکاتی منشور پیش کیا، ہماری جماعت خواتین کو با اختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی ہے، ہم تنخواہوں میں اضافہ کریں گے، متوسط طبقے کو مفت بجلی فراہم کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کاغذات نامزدگی چھیننے کا کام سکھر، لاڑکانہ میں تو نہیں ہو رہا، یہ کام جہاں ہو رہا ہے وہاں کی حکومت جواب دے، بلاوجہ کاغذات نامزدگی چھیننے کا کام کیا جا رہا ہے، کاغذات نامزدگی چھین کر دوسرے لوگوں کو جواز دیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اشرافیہ ہمارے منشور پر پروپیگنڈا شروع کروا دے گی، 17 وزارتیں کم کرنے کی باتیں ہوائی باتیں نہیں، 17 وزارتوں پر بلاوجہ پیسے خرچ ہوتے ہیں، وزارتوں پر پیسہ خرچ کرنے کے بجائےغریب کو سہولیات دیں گے، ہوائی باتیں نہیں کر رہا، میرے پاس فنڈنگ کا پلان ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ افسوس کی بات ہے ابھی تک صحافیوں کا مطالبہ پورا نہیں ہوا، صحافی کے قتل پر انصاف ہونا چاہیے، نگران وزیراعلیٰ سندھ متاثرہ خاندان کو انصاف دلوائیں۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے لاہورسے الیکشن لڑنا ہے، لاہور کے عوام کے پاس چوائس ہونی چاہیے، لاہور کے غریب عوام اس وقت لاوارث ہیں، لاہورمیں ہم مقابلہ کریں گے اور جیت کر بھی دکھائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کی آج بھی مذمت کرتے ہیں، لیکن کیا بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے اپنا مؤقف تبدیل کیا یا نہیں؟، جب فریال تالپور کو گرفتار کیا تو شاہ محمود قریشی نے کہا تھا آزاد اداروں نے گرفتار کیا ہے، مفاہمت کی سیاست کیلئے پہلے پی ٹی آئی کو توبہ کرنی پڑے گی۔
سابق وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں موٹرویز، میٹرو بنانے کے علاوہ بھی کام ہونے چاہئیں، پیپلز پارٹی نے سندھ میں مفت علاج کی سہولیات دیں، بانی پی ٹی آئی نے گھر بنانے کا اعلان کر دیا مگر پیسے کہاں سے آئیں گے کچھ نہیں بتایا، میں جو وعدے کر رہا ہوں پورے کر کے دکھاؤں گا۔