بانی پی ٹی آئی سمیت خیبر پختونخوا کے 37 امیدوار الیکشن کمیشن کے نادہندہ نکلے

Published On 28 December,2023 04:18 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا الیکشن کمیشن نے جرمانے ادا نہ کرنے والے امیدواروں کی فہرست جاری کردی۔

جاری کردہ دستاویزات کے مطابق ماضی میں جلسے جلوسوں میں کے پی کے 37 امیدواروں نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی، بانی پی ٹی آئی سمیت سابق وزیراعلیٰ محمود خان بھی الیکشن کمیشن کے نادہندہ نکلے، تحریک انصاف کے کئی سابق وزراء، ارکان اسمبلی بھی نادہندگان میں شامل ہیں۔

مراسلہ میں کہا گیا سابق وزراء کامران بنگش، تیمور جھگڑا، شوکت یوسفزئی اور اشتیاق ارمڑ بھی نادہندہ ہیں، پی پی پی کے سیکرٹری اطلاعات امجد آفریدی بھی الیکشن کمیشن کے مقروض نکلے، پی ٹی آئی پی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر نے بھی 80 ہزار روپے جرمانہ ادا نہیں کیا۔

جاری مراسلہ میں مزید بتایا گیا جماعت اسلامی کے عنایت اللہ خان بھی 50 ہزار روپے جرمانہ ادا نہ کرسکے، الیکشن کمیشن نے مختلف آر اوز کو امیدواروں سے جرمانے وصول کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جانچ پڑتال کے دوران امیدواروں سے جرمانے وصول کئے جائیں۔

الیکشن کمیشن کے مراسلہ میں بتایا جرمانے ادا نہ کرنے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوں گے۔