راولپنڈی: (دنیا نیوز) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہمیں امید ہے عدالتیں انصاف کریں گی، الیکشن پراسس کو داغدار کرنے پر سپریم کورٹ سوموٹونوٹس لے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید کرتے ہیں عدالت سے انصاف ملے گا، پی ٹی آئی امیدوار پرامن رہیں، سخت حالات کے باوجود پی ٹی آئی امیدواروں نے سب سے زیادہ کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف صرف بانی پی ٹی آئی نہیں کسی اور کو بھی الیکشن نہیں لڑنے دے رہا، آئین کے مطابق بانی پی ٹی آئی الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کارکن پرامن رہیں، جیت بلے کی ہوگی، الیکشن شفاف نہ ہوئے تو معیشت تباہ ہو جائے گی، جنہوں نے پریس کانفرنس کی انہیں پارٹی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہر حلقے میں اپنا امیدوار کھڑا کریں گے، کسی جماعت سے کوئی اتحاد نہیں ہوا، نوازشریف پلان کے تحت آیا، وہ نہیں چاہتا پی ٹی آئی الیکشن میں حصہ لے۔
گوہر علی خان نے مزید کہا کہ ایسی حکومت سے شفاف الیکشن کی توقع نہیں کی جاسکتی، الیکشن کمیشن کو شفاف الیکشن کرانا چاہئے، الیکشن کمیشن کو ان زیادتیوں کا نوٹس لینا چاہئے۔