کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلزپارٹی عام انتخابات 8 فروری سے آگے لے جانے کی کسی صورت حمایت نہیں کرے گی۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ انتخابات 8 فروری سے آگے لے جانے کی باتیں کرنے والے عدالت کی ہتک کرکے توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں، اگر عام انتخابات کی 8 فروری کی تاریخ تبدیل ہوئی تو یہ عمل سپریم کورٹ کے وقار پر سوالیہ نشان ہوگا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ افسوس ہے کہ ملک میں الیکشن کو ملتوی کرنے کی باتیں شروع ہوچکی ہیں جس کی شروعات مولانا فضل الرحمان نے کی ہے، آئین کے مطابق نگران حکومت صرف تین ماہ حکومت کر سکتی ہے، الیکشن کے بنا ملک اس وقت عوام کے پاس نہیں ہے عوام سے چھینا ہوا ہے۔
نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ صاف شفاف الیکشن کرائے جائیں پھر عوام جس کو چاہے مینڈیٹ دے، پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے جو ملک میں الیکشن چاہتی ہے۔