کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں دائر کرنے کا آج دوسرا روز

Published On 02 January,2024 11:00 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔

لاہور کے ایپلٹ ٹریبونل میں 20 سے زائد اپیلیں دائر ہو چکی، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ برقرار ہے۔

حلقہ این اے 234 سے آزاد امیدوار فدا محمد نے آر او کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی، آر او نے تائید کنندہ کے دستخط میں فرق ہونے پر کاغذات مسترد کئے تھے۔

این اے 99 اور پی پی 107 کے امیدوار عمر فاروق کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کر دی گئی، عمر فاروق نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر نے سیاسی بنیادوں پر کاغذات نامزدگی مسترد کئے۔

حلقہ این اے 248 سے پی ٹی آئی امیدوار ارسلان خالد نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کر دی، آراو نے ایم کیو ایم کے قیصر پٹیل کے اعتراض پر ارسلان خالد کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے تھے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 236 سے پی ٹی آئی امیدوار عالمگیر خان نے الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کر دی، ریٹرننگ افسر نے عالمگیر خان کے ٹیکس کی عدم ادائیگی پر کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں 9 ایپلٹ ٹریبونل تشکیل دیئے گئے ہیں، آر اوز کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔