لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے 10 سالہ معاشی پلان تیار کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حمزہ شہباز نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں ملک کی تقدیرکا فیصلہ ہونا ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی نیندیں حرام کردی ہیں، غریب بجلی، گیس کا بل جمع کرائے یا بچوں کی فیسیں دے؟ آج ڈالر297 روپے تک جا پہنچا ہے، نوازشریف دور میں 35 روپے کلو آٹا ملتا تھا۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا، کسی کو ایک گھر نہیں ملا بلکہ غریبوں کے گھروں کو گرایا گیا، دنیا سے قرض مانگنا کوئی عزت والا کام نہیں، جنوبی ایشیا میں پہلی موٹروے نوازشریف نے بنائی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو نہ نکالا جاتا تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، شہبازشریف نے کہا تھا سیاست تو ہوتی رہتی ہے مگر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچائیں گے، آج بجلی کا یونٹ 27 روپے کا ہوچکا ہے، بلوچستان میں دوبارہ دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین نوازشریف، شہبازشریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہ کرسکے، صاف چلی، شفاف چلی کا نعرہ لگانے والوں نے توشہ خانہ کے تحائف بھی بیچ دیئے، 8 فروری کو مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ایک کھلاڑی نے ملک سے کھلواڑ کیا اور عوام کو مہنگائی میں جھونک دیا، مسلم لیگ (ن) ملک کو قائد کا خوشحال پاکستان بنائے گی۔