اسلام آباد: (دنیا نیوز) شریک چیئرپرسن ہیومین رائٹس کمیشن آف پاکستان منیزے جہانگیر نے کہا کہ نگران حکومت اور الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
شریک چیئرپرسن ہیومین رائٹس کمیشن آف پاکستان منیزے جہانگیر نے فرحت اللہ بابر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا ماحول ختم کیا جارہا ہے، خدشہ ہے اس کے نیتجے میں جو بھی حکومت بنے گی اس پر سوالیہ نشان رہے گا۔
منیزے جہانگیر نے کہا کہ اگر الیکشن کی ساکھ متاثر نہیں کرنا چاہتے ہیں تو شفافیت برقرار رکھنی ہوگی، ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش ہے، ایک جماعت کو منصوبہ بندی کے تحت توڑا اور روکا گیا۔
فرحت اللہ بابر نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی شروع ہوگئی ہے، کاغذات نامزدگی کرانے والوں کو گرفتار کیا گیا، ایسے انتخابات ہوگئے تو لوگوں کا اعتماد اٹھ جائے گا، ملک کے حالات زیادہ خراب ہوجائیں گے۔