گجرات: (دنیا نیوز) مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ اداروں کو بلیک میل کر کے حکومت میں آنے کا ٹرینڈ غلط ہے، میں ذاتی طور پر چاہتا ہوں پرویز الٰہی باہر آئیں اور الیکشن لڑیں۔
شافع حسین نے کہا کہ ہمیشہ یہی کہا ہے چودھری برادران کو اکٹھے چلنا چاہیے، پرویز الٰہی فیملی نے دو سال پہلے خود ہی فیصلہ کر لیا تھا سیاست اپنی اپنی کرنی ہے، پاکستان میں اس وقت فیک ٹرینڈز چلا کر کنفیوژن پیدا کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ایک پارٹی یوتھ ونگ صدر بوتل بم بنا کر جی ایچ کیو پھینکتا رہا، گجرات میں میرے مقابلے میں آصف زرداری نے امیدوار نہ کھڑا کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔
شافع حسین نے کہا کہ ہمارے حمایتیوں کو بیرون ممالک سے دھمکی آمیز کالیں کی جا رہی ہیں، لوگوں کو ہماری حمایت سے روکنے کیلئے پیسوں کی آفرز کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شجاعت حسین کے بھائی وجاہت حسین نے خود حلقہ این اے 62 اور 63 میں مسلم لیگ ن کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے انکار کیا ہے، وجاہت حسین کے بیٹے حسین الٰہی اور موسیٰ الٰہی مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔
شافع حسین کا کہنا تھا کہ سالک حسین اور میں سیاست میں نئے نہیں، 2004ء سے پرویز الٰہی، شجاعت حسین کے الیکشن لڑتے رہے ہیں۔