ظفروال (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹوں کے اجراء کے لئے انٹرویو کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پارٹی لیڈر شپ اسی ہفتے پنجاب میں ٹکٹس جاری کر دے گی، انتخابات کو آٹھ فروری کو منعقد ہونا چاہئیں، اگر انتخابات کا التواء ہوتا ہے تو اس کے نتیجے میں بے یقینی بڑھ جائے گی اور پاکستان کی معاشی بحالی کی جو سرگرمیاں ہیں وہ متاثر ہو سکتی ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ کیونکہ سرمایہ کار کم ازکم اگلے پانچ سال کے لئے چاہتے ہیں ایک مستحکم منتخب حکومت ہو تاکہ پالیسیوں کا تسلسل ہو اور انہیں یقین ہو کہ جن پالیسیوں کے تحت وہ سرمایہ کاری کریں گے اس کے اندر استحکام ہوگا، اس وقت پاکستان کے جو معاشی حالات ہیں ان کا بھی یہی تقاضا ہے کہ جلد از جلد انتخابات کے نتیجے میں ایک مستحکم اور مضبوط حکومت قائم ہو۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن وہ جماعت ہے جس کے پاس پلان بھی ہے، جس کے پاس ٹیم بھی ہے، جس کے پاس تجربہ بھی ہے اور جس کے پاس ماضی کی کارگردگی بھی ہے، انشاء اللہ پاکستان کو ان بحرانوں سے نکالنے کے لئے مہنگائی، بے روزگاری کو ختم کرنے کے لئے مسلم لیگ ن کا جو اقتصادی پروگرام ہے وہی پاکستان کو آگے لے کر جا سکتا ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو چاہتے ہیں کہ ان کا ہاتھ پکڑ کر اقتدار میں بٹھا دیا جائے، ان کے بیانات کو اس لئے سنجیدہ نہیں لینا چاہئے کیونکہ ان کے خود والد محترم نے کہا ہے کہ وہ ابھی انڈر ٹریننگ ہے، وہ وقت کے ساتھ ساتھ میچور ہو جائیں گے اور انہیں اپنی ٹریننگ پر توجہ دینی چاہئے۔