لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں آج بھی کڑاکے کی سردی کے ساتھ شدید دھند کا راج ہے۔
دھند کے باعث ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن متاثر ہو گیا اور حد نگاہ متاثر ہونے پر کئی مقامات سے موٹرویز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق شدید دھند کے باعث ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر منگل کو بھی فلائٹ آپریشن متاثر رہا جس سے 30 ملکی اور غیر ملکی پروازیں منسوخ ہو گئیں، سعودی ائیر لائن کی پرواز سمیت 6 پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں پر اتارا گیا۔
ذرائع کے مطابق 2024 کے پہلے 9 دن کے دوران پاکستان کی 311 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث مختلف مقامات سے موٹرویز پر ٹریفک کی روانی بھی روک دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹرویز ایم 2 کو پنڈی بھٹیاں سے کوٹ مومن تک ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث ایم 3 کو سمندری سے درخانہ تک اور ملتان سکھر موٹروے کو بھی ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ملک بھر میں کڑاکے کی سردی کا راج برقرار ہے، قلات میں پارا منفی 6 ڈگری تک گر چکا جبکہ کوئٹہ میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
کوئٹہ میں سڑکوں پر جمع پانی اور دکانوں میں رکھا دودھ تک جم گیا جبکہ ہنّہ جھیل کا پانی بھی برف میں تبدیل ہو گیا، سردیوں کے موسم میں سائبیریا سے نقل مکانی کرنے والے مہمان پرندے بھی جھیل پر پہنچ گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں 40 سال بعد شدید سردی کی لہر جاری ہے، کراچی میں بھی سائبیریا کی سرد ہواؤں کی آمد سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
ادھر پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں سرد موسم کے ساتھ دھند اور سموگ میں بھی کمی نہ آسکی، لاہور میں دن کے اوقات میں بھی دھند کا راج برقرار ہے۔