ڈیرہ مراد جمالی(دنیانیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تین بار وزیر اعظم بننے والے کو عوام پر چوتھی بار مسلط کیا جارہا ہے۔
ڈیرہ مراد جمالی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اقتدارمیں آکر300 یونٹ تک غریبوں کو فری بجلی دوں گا،سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان جنوبی پنجاب،بلوچستان کا ہوا،آپ مجھے وزیر اعظم بنائیں میں ادھر کے عوام کو بھی مفت گھر بنا کر دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ20 لاکھ گھر بنا رہا ہوں، سندھ میں مالکانہ حقوق دے رہا ہوں، یہ کام بلو چستان میں کیوں نہیں ہوا،میں بلوچستان کے عوام کوبلاسود قرض دوں گا تاکہ آپ اپنا کاروبار کر سکیں،میں اپنے کسانوں کے لیے کسان کارڈ دوں گا جس سے ان کی امداد کی جائے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ نصیر آباد میں یونیورسٹی بناؤں گااورپاکستان کے نوجوانوں کے لیے یوتھ کارڈ دیں گے،جس کے ذریعے ان کی مالی امداد کر یں گےجبکہ بھو ک مٹاؤ پروگرام یو نین کونسل کی سطح پر ہو گا تاکہ کوئی بھوکا نہ سوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تو دو جماعتیں ہی الیکشن لڑ رہی ہیں ،ایک ن لیگ ہے اور دوسری پی پی پی، فیصلہ آپ نے کر نا ہے کہ کس کو ووٹ دینا ہے، میں تمام سیاسی کارکنوں کی عزت کر تا ہوں، آئیں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں انشااللہ جیت آپ کی ہو گی۔
انہوں نےنوازشریف پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کس قسم کا شیر ہے جو گھر میں چھپا ہوا ہے،8 فروری میں جو مقابلہ ہو رہا ہے، بلا اس میں نہیں رہا اور شیر کا شکار تیر سے ہی کیا جاتا ہے، آپ اپنا ووٹ ضائع نہ کر یں کسی اور جماعت کو ووٹ نہ دیں بلکہ پی پی کو ووٹ دیں،آپ شہیدوں کی جماعت کا ساتھ دیں ہم آپ کی قسمت بدل دیں گے،انشااللہ افغانستان کے ساتھ چلنے والے مسائل کو بھی حل کروں گا۔