لاہور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے سینئر رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس بار ووٹ سود خوروں اور کرپشن کرنے والوں کے پاس نہیں جانا چاہئے۔
حلقہ این اے 128 کے مرکزی دفتر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ یہاں آنے کا مقصد کارکنوں کو متحرک کرنا ہے، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مرکزی دفتر کو کامیابی کا مرکز بنائے، آج اسی مہم کے ساتھ لوگوں کے پاس جا رہے ہیں تاکہ لوگ اپنے ووٹ کی طاقت کو پہچانیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کے پاس اس پیغام کے ساتھ جا رہے ہیں کہ جنہوں نے کشمیر کا سودا کیا ان کے پاس یہ ووٹ نہیں جانا چاہئے، یہ ووٹ اسلامی پاکستان کو حقیقی طور پر اسلامی اصولوں کے مطابق چلانے کے لئے دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو اسلامی اصولوں کے مطابق بنائیں گے، ترازو فتح کا نشان اور پاکستان اسلام کا گڑھ بنے گا۔