سیالکوٹ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ 8 فروری کو ن لیگ دوبارہ برسر اقتدار آکر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریگی۔
خواجہ محمد آصف نے الیکشن کمپین کے سلسلہ میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں ہنستا بستا پاکستان تھا، چند لوگوں کی خاطر میاں نوازشریف کو ہٹایا گیا۔
سابق وفاقی وزیرنے کہا کہ انہوں نے ماں جیسی عظیم ہستی کو سیاسی مقاصد کے لئےاستعمال کیا، یہ خود الیکشن کیوں نہیں لڑ رہے، لوگ جیلوں سے الیکشن لڑرہے ہیں، یہ کیسے لوگ تھے کیا بڑھکیں مارتے تھے، سابق حکمرانوں کی کیا پرفارمنس رہی، اللہ کے فضل سے جیت ہماری ہوئی۔
خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ ہماری گھریلو خواتین پر بھی انہوں نے مقدمات بنائے، اگر یہ اپنی خواتین کو چوکوں میں لیکر گئے تو یہ انکی تربیت کا قصور ہے، مجھے روزہ رسولؐ کی قسم عثمان ڈار کی والدہ والا معاملہ ہوا ہی نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے لیڈر پر سارے کے سارے مقدمات چوری کے ہیں، ان کے لیڈر پر زکوٰۃ چوری، توشہ خانہ چوری جیسے مقدمات ہیں، میاں نوازشریف کے وقت بجلی سات آٹھ روپے یونٹ تھی، میاں نوازشریف کے ترقی کے دور کو روکا گیا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ترقی کو روک کر ایسے شخص کو حکومت دی گئی جس نے اخلاقی روایات تباہ کردیں، چھیاسی ارب روپے کی لاگت سے کھاریاں تک موٹروے بنے گی، بعدازاں موٹروے راولپنڈی تک جائے گی۔