مخالف نمائندے شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں: احسن اقبال

Published On 20 January,2024 03:07 am

نارووال: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ مخالف روایتی نمائندے اپنی شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

مخالف امیدوار کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ عوام نے ستر سالہ بدمعاشی، اڈوں، کمیشن اور تھانہ کچہری کی سیاست سے نجات حاصل کرکے میرے مشن، تعلیم، امن، ترقی پر بچوں کے بہتر مستقبل کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے مزید کہا کہ روایتی نمائندوں کو پولیس حراساں نہیں کر رہی بلکہ ووٹر ان کو حراساں کر رہے ہیں، ظفروال کے عوام ان سے 60 سالہ کارکردگی پر حساب مانگ رہے ہیں، 8 فروری کو عوام بدمعاشی، اڈوں، کمیشن کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔